• news

جے یو آئی متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے انتخاب میں حصہ لے گی: غفور حیدری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وہ عام انتخابات کے لئے تیاریاں تیز تر کر دیں، جے یو آئی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ جے یو آئی کی اولیں ترجیح متحدہ مجلس عمل ہے ہم اسی پلیٹ فارم سے بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والی جماعتوں کو عبرت ناک شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے بحال ہو چکی ہے بہت جلد ایم ایم اے کا اجلاس بلایا جا رہا ہے آئندہ اجلاس میں عہدےداروں کا تعین اور منشور اور دستور منظوری دی جائے گی۔ وہ گذشتہ روز جماعتی وفود اور ذمہ داران سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع مولانا سید عبدالمجید ندیم شاہ، مولانا محمد امجد خان، ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا تاج محمد خان، مولانا عبدالمجید ہزاروی، قاضی محمد عابد، مولانا سہیل عباسی، نور احمد کاکڑ اور دیگر موجود تھے۔ مولانا حیدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس پر جو فیصلہ دیا ہے اس پر من و عن عمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پیسے لئے انہیں آئندہ دس سالوں کے لئے الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل کبھی بھی نہیں رہا ہے اگر ایسا ہوتا تو پھر وزیرستان میں فوجی آپریشن سے معاملات کبھی کے حل ہو چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسئلے کا صرف یہی ہے کہ وہاں برسر اقتدار جماعتیں اپنے عسکری ونگ ختم کر کے بلاامتیاز دہشت گردوں اور قاتلوں اور ان کے حمایتیوں کے خلاف کارروائی کریں۔

ای پیپر-دی نیشن