کراچی کا امن پیپلز پارٹی‘ ایم کیو ایم اور اے این پی نے خراب کیا: غنویٰ بھٹو
رحیم یارخان (بیورو رپورٹ + نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی سربراہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ کراچی کے امن و امان کو خراب کرنے مےں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی برابر کی شریک ہےں، حکمران ملک کو ترقی کی طرف لے جانے کی بجائے تباہی کی طرف دھکیل رہے ہےں۔ پیپلز پارٹی شہید بھٹو ہی ملک کو تباہی سے بچا سکتی ہے۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنما سیف اللہ خان نیازی کی رہائش گاہ پر پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل انتہائی تباہ حالی کی طرف ہیں جس کے ذمہ داران کو آئندہ انتخابات میں ہٹانا ناگزیر ہے۔ بدقسمتی سے جاگیردار وڈیرے اور قابض لوگ ملک کو تباہ کر رہے ہےں۔ پاکستان کو ترقی کرنے کے لئے ایسے لوگوں کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے جو اس قوم کی صحیح ترجمانی کر سکیں۔ اس موقع پر جام اعظم انیس، ڈاکٹر اسلم نارو اور دیگر ہنما بھی موجود تھے۔