پاکستان ہاکی میں 9 اے سائیڈ انڈور سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد (ثناءنےوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگلے سال سے قومی ڈومیسٹک ہاکی میں 9 اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ اور انڈور ہاکی ٹورنامنٹ کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایچ ایف نے ڈومیسٹک ہاکی میں ان مقابلوں کے انعقاد اور اس سلسلے میں ابتدائی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری پی ایچ ایف کی ڈومیسٹک ہاکی کمیٹی کے حوالے کردی ہے جس کی معاونت ڈومیسٹک ہاکی کے ڈائریکٹر رانا مجاہد علی خان اور قومی کوچ کنسلٹنٹ طاہرزمان کریں گے۔ پی ایچ ایف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ایچ ایف کے حکام نے ایشین اور عالمی سطح پر 9اے سائیڈ ہاکی ایونٹ اور انڈو پاک مقابلوں کی مقبولیت کے پیش نظر قومی سطح پر بھی ان مقابلوں کو کرانے کا فیصلہ کیاہے۔ ڈومیسٹک ہاکی کمیٹی اس بارے میں اپنی رپورٹ دسمبر کے پہلے ہفتے میں پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ کو پیش کرے گی جس کی منظوری پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے حاصل کی جائے گی۔ 9اے سائیڈ ہاکی ایونٹ تمام ایسوسی ایشنوں کو بھی کرانے کی ہدایت کی جائے گی اور انہیں بھی اگلے سال اپنے کیلنڈر میں اس ایونٹ کو شامل کرنے کی ہدایت کی جائے گی تاکہ ایسوسی ایشنوں کی سطح پر اس مقابلے کو مقبول بنایاجاسکے۔ 9اے سائیڈ ہاکی ایونٹ میں ڈومیسٹک سطح پر پہلے مرحلے میں صرف ایک قومی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا اس کے بعد اس کی ہر سال قومی چیمپئن شپ بھی منعقد کی جائے گی تاکہ 9اے سائیڈ کا کھلاڑیوں کو تجربہ مل سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرتھ میں کھیلے گئے چار ملکی 9اے سائیڈ سپر سیریز ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو اس ایونٹ میں ناتجربہ کاری کا نتیجہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مستقبل میں9اے سائیڈ ایونٹ میں اچھے نتائج کے حصول کے لئے ڈومیسٹک ہاکی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 9اے سائیڈ قومی ٹورنامنٹ میں اداروں کی ٹیموں کو مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انڈور ہاکی ٹورنامنٹ میں پہلے مرحلے پر انڈر 21 ایونٹ کرایا جائے گا جس میں اداروں اور ایسوسی ایشنوں کی ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔