منفی سیاست کرنے والے گرینڈ الائنس کا راستہ نہیں روک سکیں گے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لےگ کے سینئر مرکزی رہنما اور نائب وزےر اعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے پاکستان پیپلز پارٹی، سنی اتحاد کونسل اور دیگر سیاسی و دینی جماعتوں سے اتحاد کا مقصد صرف اور صرف ملک و قوم کی خدمت، عوامی مسائل کا خاتمہ اور پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر سمندری فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ کے رہنماﺅں، سابق ارکان اسمبلی، ناظمین، نائب ناظمین اور معززین سے گفتگو کر رہے تھے جن میں سردار دلدار چیمہ ایم پی اے، سابق ایم پی اے چودھری خالد محمود، غلام نبی، نیاز احمد، عابد سندھو، ندیم ارشد، طارق، بختیار سعود، غلام احمد، افضل بھٹہ، خالد نمبردار، محمد دین، فیض رسول، مدثر مشتاق، رانا نور مدثر بھی شامل تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا ہم اپنے اتحاد میں چاروں صوبوں کی قومی قوتوں کو متحد کے گرینڈ الائنس بنانے کی کوشش کریں گے اور منفی سیاست کرنے والے انتخابات میں ہمارے اس گرینڈ الائنس کا راستہ نہیں روک سکیں گے جس میں قومی اور مثبت سوچ کی حامل سیاسی و دینی جماعتیں شامل ہوں گی۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے ہر حلقہ میں امیدوار کا انتخاب باہمی مشورہ سے اور نہایت سوچ سمجھ کر کیا جائے گا۔ ہم نے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں پنجاب کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ سب کے سامنے ہے عوام کو اس کا احساس ہے اور چاروں صوبوں کے عوام انشاءاللہ اس کا صلہ ہمیں آئندہ انتخابات میں دیں گے کیونکہ 1999ءکی سطح پر قیمتیں واپس لانے جیسے وعدے کرنے والے اب بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں اور عوام ان کی باتوں پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔