مفاہمتی سیاست نے رشوت خوری کا طوفان کھڑا کر دیا : ممتاز بھٹو
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ مفاہمتی سیاست نے رشوت خوری کا طوفان کھڑا کر دیا ہے اور عوام کے لئے بڑا عذاب پیدا کیا ہے۔ گزشتہ روز ان سے میر پور بھٹو میں سنانی قبیلے کے معززین کے وفد نے مسلم لیگ (ن) تحصیل کے صدر گل حسن سنانی کی قیادت میں ملاقات کر کے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا اور سنانی برادری کے مختلف گاو¿ں کے دورے کی دعوت دی جو ممتاز بھٹو نے قبول کر لی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو نے 1970ءکے الیکشن میں مفاہمت نہیں بلکہ اپنی پارٹی کے اصولوں، نظریے اور منشور کے بل بوتے پر الیکشن جیت کر اقتدار حاصل کیا تھا۔ 1988ءسے لیکر آج تک پیپلز پارٹی نے صرف مفاہمت اور جھک کر اقتدار تو حاصل کیا لیکن دو بار ان کی حکومتیں رشوت خوری کے بنا پر ختم کی گئیں اور تیسری حکومت بھی رشوت خوری اور نااہلی کی وجہ سے قوم کے لئے عذاب پیدا کر دئیے ہیں تو دوسری جانب نیب چیئرمین یہ انکشاف کرنے پر مجبور ہو گیا کہ روزانہ عوام کے خزانے سے آٹھ ارب روپے رشوت خوری میں غرق ہو رہے ہیں۔ ممتاز بھٹو نے مزید کہا کہ عوام ملک اور بھٹو خاندان سے بڑا دھوکہ کرنے کی وجہ سے اب پیپلز پارٹی کا اصلی چہرہ ظاہر ہو چکا ہے اس کے برعکس حکمرانوں نے بدستور مفاہمت کے دسترخوان پر بنیادی اور نظریاتی مخالفین کو راضی کرنے کے لئے ایک بار پھر بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے کیونکہ اس کے سوا انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ہمیشہ کے لئے دفن ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ ممتاز بھٹو نے مزید کہاکہ مفاہمت کی باتیں کرنے والے اور جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ سیاست میں کوئی بات حتمی نہیں ہوتی وہ جاہل اور بدکردار لوگ ہیں۔