• news

شرجیل میمن حواس باختہ ہو چکے، فضل کریم نے جامعہ حفصہ کی طالبات کے قاتلوں سے ہاتھ ملا کر اپنا چہرہ بے نقاب کر دیا :چودھری غفور

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے شرجیل میمن حواس باختہ ہو چکے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے ان کی الزام تراشیوں پر مبنی بیان بازی پیپلزپارٹی کے قائدین کے ذہنی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت ہے۔ شرجیل میمن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری عبدالغفور نے کہا گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران پیپلزپارٹی کی حکومت کی ریکارڈ کرپشن کی وجہ سے عوام میں نہ صرف اس کی مقبولیت ختم ہو گئی ہے بلکہ اس کی قیادت سیاسی بصیرت چھن جانے کی وجہ سے بلاجواز بیانات دے رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے تمام صوبوں کی طرح سندھ میں بھی یکساں مقبول ہے اور اب سندھ کارڈ چھن جانے کے باعث پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کی نیندیں اڑ چکی ہیں۔ شرجیل میمن مسلم لیگ (ن) کو بھاشن دینا بند کریں اور اپنی پارٹی کی قیادت کو کرپشن اور لوٹ مار سے روکیں۔ شرجیل میمن اور پیپلزپارٹی کو سندھ میں بھی مقبولیت کا اندازہ انتخابات میں ہو جائے گا اور انہیں آٹے دال کا بھاﺅ معلوم ہو جائے گا۔ شرجیل میمن کو شریف برادران کے حوالے سے احتیاط سے گفتگو کرنی چاہیے ۔ زرداری سمیت ان کی اپنی قیادت کا ریکارڈ عوام کے سامنے ہے اور اب پاکستان کے عوام ان کے اصل چہرے سے آگاہ ہوچکے ہیں۔ پیپلزپارٹی کوآئندہ انتخابات میں اپنی شکست واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے اسی لئے وہ صوبائیت پر مبنی گفتگو کر کے دوبارہ سندھ کارڈ کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے مگر ملک کے باشعور عوام اس مرتبہ ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزےر نے کہا ہے فضل کریم نے جامعہ حفصہ کی طالبات کے قاتلوں سے ہاتھ ملا کر اپنا اصلی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ۔فضل کریم پہلے ہی بے وفا تھے اور اب انہوں نے جامعہ حفصہ میں بہنے والے خون سے بھی غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے دور میں ڈرون حملے شروع ہوئے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا پورا ملک لال مسجد آپریشن کی مخالفت کرتا رہا مگر فضل کریم نے لال مسجد کے قاتلوں کے ساتھ اتحاد کر کے خود کو ان قاتلوں کا ساتھ ثابت کر دیا ہے فضل کریم اب انتہائی بے اعتبار شخص بن گئے ہیں لال مسجد کے قاتلوں کو عوام ہر گز ووٹ نہیں دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن