شام: 2 کار بم دھماکے‘ جھڑپیں ‘ بچوں سمیت 131 افراد ہلاک‘ باغیوں نے طیارہ مار گرایا
دمشق + لندن (بی بی سی + نیوز ایجنسیاں) شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقہ میں دو کار بم دھماکوں میں 34 افراد ہلاک اور 83 زخمی ہو گئے۔ متعدد قریبی عمارتیں تباہ ہو گئیں اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ باغیوں نے ترکی کی سرحد کے قریب میزائل سے شام کا جیٹ طیارہ مار گرایا۔ ایک حکومت مخالف دھڑے ایل سی سی نے کہا کہ ملک بھر میں 131 لوگ ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے۔ ایل سی سی کے مطابق فری سیرئین آرمی نے دمشق کے جنوب میں ایک فوجی فضائی اڈے پر حملہ کیا میں دمشق کے نواحی علاقوں میں شدید جنگ ہوتی رہی ہے۔برطانوی اخبار ٹائمز کے مطابق یورپی یونین کی پابندیوں کے نتیجے میں شام میں اقتصادی بحران سے نمٹنے کی خاطر روس نے 240 ٹن شامی کرنسی چھاپ کر موسم گرما کے دوران دمشق پہنچائی ہے تاکہ بشار الاسد حکومت فوج کو تنخواہیں ادا کر سکے۔