قوم پرستوں کا بنیادی ایجنڈا ہڑتالیں کرکے عوام کو پریشان کرنا ہے: شرجیل میمن
کراچی( وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و صوبائی وزیر اطلاعات حکومت سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے پنجاب میں آج بھی پرویز مشرف کا متعارف کیا ہوا بلدیاتی قانون لاگو ہے جبکہ صوبہ سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے پرویز مشرف کے دور میں بنائے گئے بلدیاتی قانون کو تبدیل کیا۔ صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں کہا میاں نواز شریف سندھ سے اتنے ہی مخلص ہیں تو (30) نومبر کو پنجاب میںبھی ہڑتال کی کال دیں ۔ انہوں نے نام نہاد قوم پرستوں کی حمایت کرکے یہ ثابت کردیا وہ سندھ کے ساتھ مخلص نہیں اور سندھ کے عوام کا درد نہیں رکھتے ۔ انہوں نے مزید کہا میاں نواز شریف آج بھی پنجاب میں پرویز مشرف کے بنائے گئے قانون کو چلا رہے ہیں اور (ن) لیگ پنجاب میں اکثریت میں ہونے کے باوجود نیا قانون لانے میں ناکام رہی ہے جس سے مسلم لیگ(ن) کی سیاسی نا اہلیت عوام کے سامنے آچکی ہے۔ اپنے ہی صوبے میں ہڑتالیں کرکے اپنے ہی صوبہ کے عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنا ان نام نہاد قوم پرستوں کا بنیادی ایجنڈا ہے جسے ہرگز دانش مندی نہیں کہا جا سکتا ۔حیدرآباد پریس کلب کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران شرجیل میمن نے کہا صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہونے کے ساتھ معاشرے کا آئینہ بھی ہے جو معاشرتی برائیوں اور اچھائیوں پر تنقید کی نگاہ رکھتے ہوئے عوام کو باخبر رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شرجیل میمن نے حیدرآباد پریس کلب کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔