• news

ڈاکٹر شکیل آفریدی باقاعدگی سے کھانا کھاتے ہیں: جیل حکام

پشاور (بیورو رپورٹ) محکمہ جیل خانہ جات کے حکام نے سنٹرل جیل پشاور میں اسیر ڈاکٹر شکیل آفریدی کی جانب سے بھوک ہڑتال کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی معمول کے مطابق کھانا کھا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ڈاکٹر شکیل آفریدی کے وکیل نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور خاندانی ذرائع نے کہا ہے کہ ملاقات، ورزش اور اخبارات نہ ملنے پر ڈاکٹر شکیل آفریدی نے احتجاجاً بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔ اسامہ کے خلاف ایبٹ آباد آپریشن میں امریکہ کی مبینہ معاونت کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ باڑہ خیبر ایجنسی کی عدالت سے 33 سالہ قیدکی سزا پانے کے بعد سنٹرل جیل پشاور میں اسیر ہیں جہاں سے ایک امریکی تحقیقاتی ادارے کو ٹیلی فون پر مبینہ انٹرویو کے بعد ان کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ شکیل آفریدی کے وکیل سمیع اللہ آفریدی نے نوائے وقت کو بتایا کہ انہیں سنٹرل جیل پشاور میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کی بھوک ہڑتال کا علم نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن