آرمی کا رول مثبت لیکن خارجہ پالیسی راولپنڈی میں نہیں بنتی: وزیر خارجہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ڈی ایٹ کانفرنس سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم خرابی صحت کے باعث کانفرنس میں نہیں آئیں۔ محرم میں رحمان ملک نے اچھا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق نہیں کرتیں کہ فارن پالیسی پنڈی میں بنتی ہے عملدرآمد اسلام آباد میں ہوتا ہے۔ پاکستان کے لئے اہم ترین صرف افغانستان، بھارت، امریکہ نہیں ایران بھی ہے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ امریکہ کی طرف سے کولیشن سپورٹ فنڈ کو بند کر دیا جائے گا۔ دفاع پاکستان کونسل کو حکومت یا کسی سرکاری ادارے کی حمایت حاصل نہیں تھی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ لاہور میں امریکی سفارت کار کی گاڑی کے نیچے آنے والے بچے کے واقعہ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی کا ملکی سیاست میں ہمیشہ مثبت کردار رہا ہے۔