• news

مانگٹانوالہ: گورونانک کے جنم دن کی تقریبات سے واپس جانے والے یاتریوں کو ڈاکوﺅں نے لوٹ لیا

ننکانہ صاحب + مانگٹانوالہ ( نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد واپس جانے والے یاتریوں کو ڈاکوﺅں نے لوٹ لیا۔ 60ہزار روپے، زیورات ، موبائل اور گاڑی چھین لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد سندھ سے آئے دلیپ کمار اپنی گاڑی اور لاہور کے رہائشی گوربیر سنگھ اپنی فیملی کے ساتھ اصغر نامی ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ مانگٹانوالہ کی طرف جا رہے تھے کہ راستہ میں پیپل والا تھانہ مانگٹانوالہ کے نزدیک تین موٹر سائیکل سوار ڈاکوﺅں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا اور دو کاروں میں سوار ہندو اور سکھ فیملی سے 60ہزار روپے ، سونے کی انگوٹھی، دوموبائل فونز کے علاوہ دلیپ کمار کی گاڑی نمبر 245/AUHB چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کروا دی، پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور اصغر کو مشکوک بیانات کی وجہ سے حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اقرار کیا کہ ذوالفقار عرف ذلفی، عطاءاللہ اور منیر عرف منیرا نے میری ایما ءپر یہ واردات کی ہے۔ پولیس ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن