مصر میں احتجاج جاری‘ متعدد گرفتار‘ سوڈان کے مذہبی لیڈر ثالثی کیلئے آ گئے
قاہرہ (این این آئی+اے پی پی) مصر میں صدر مرسی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ 8ویں روز بھی جاری رہا۔ سکندریہ میں صدرکے حامی اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں بیسیوں افراد زخمی ہوگئے ¾ پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں صدر مرسی کے جاری کردہ متنازع فرمان کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ ہزاروں مظاہرین نے تحریر سکوائر پر پڑاﺅ ڈالا اور ملک بھر سے مظاہرین کی قاہرہ آمد کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا۔ ججوں کے کلب اور کورٹ آف اپیل کے سربراہ احمد الزند کا کہنا تھا کہ اگر محمد مرسی اپنا فرمان واپس لیں گے تو اس سے ان کا وقار بلند ہوگا۔ سیاسی بحران کے حل میں مدد دینے کے لیے سوڈان کی مذہبی سیاسی جماعت کے سربراہ صادق المہدی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ص±لح کی کوششیں شروع کر دیں۔ بزرگ سوڈانی سیاست دان نے گذشتہ روز اخوان المسلمون کے مرشد عام ڈاکٹر محمد بدیع اور اپوزیشن رہنما عمرو موسیٰ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ دریں اثناءمصر کی آئین ساز اسمبلی نے گزشتہ روز آئین کے مسودہ پر ووٹنگ مکمل کرلی۔ مسودہ آئین میں اسلامی شریعت کو قانون سازی کا ماخذ قرار دیا گیا ہے۔