• news

راولپنڈی: فرنیچر کے کارخانے میں آگ جلا کر سونے والے 3 کاریگر جاں بحق


راولپنڈی (آئی این پی) تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کالاخان میں دم گھٹنے کے باعث فر نیچر کے کارخانے میں کام کرنے والے تین کاریگر جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر دو کاریگروں کو مالک نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر بچا لیا، علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، جاں بحق ہونے والوں کے ساتھی اپنے دوستوںکو مردہ حالت میں دیکھ کر دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔ بتایا جاتا ہے کارخانہ مالک پرویز شاہ اور کاریگر تنویر شاہ گزشتہ صبح دس بجے کاریگروں کو اٹھانے کے لیے انکے کمرے کی طرف گئے، مسلسل دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود جب کمرے میں بند نوجوانوں نے دروازہ نہ کھولا تو کارخانہ مالک نے دیگر کے ساتھ مل کر کھڑکی کو توڑ کر دروازہ کھلوایا۔ پولیس اور ریسکیو1122 کو اطلاع دی گئی۔ زندہ بچ جانے والے ارشاد سکنہ گوجرانوالہ اور لیاقت سکنہ آذادکشمیر نے بتایاکہ کہ ہم بدھ وجمعرات کی درمیانی رات بارہ بجے تک کام کر تے رہے، سردی زیادہ ہونے کے باعث ہم نے کارخانے میں موجود فارمیکا کی لکڑی کو لوہے کے ڈبے میں رکھ کر آگ لگا دی، دروازہ بند کر دیا تھا۔ 27 سالہ شہباز ولد لیاقت علی سکنہ لاہور،26 سالہ حیدر سکنہ وہاڑی اور27 سالہ شہزاد سکنہ کراچی جاں بحق ہوئے ہیں۔ دم گھٹنے سے جاں بحق ہونے والے تینوں نوجوان بہتر معاوضے کی غرض سے راولپنڈی آئے تھے‘ کراچی کے شہزاد کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن