عوام باشعور ہیں‘ سبز باغ دکھا کر اور کھوکھلے نعروں سے بہکایا نہیں جا سکتا : نواز شریف
لاہور (این این آئی/ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں، انہیں سبزباغ دکھا کر اور کھوکھلے نعروں سے بہکایا نہیں جا سکتا ‘ کچھ لوگ گھنٹوں میں مسائل حل کرنے کی باتیں کر رہے ہیں جو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے‘ مسلم لیگ (ن) نے صرف خواتین کے حقوق کے لئے آواز بلند نہیں کی بلکہ انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے خواتین کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ نوازشریف نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جتنے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں دوسرے کسی صوبے میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ علاوہ ازیں فلسطینی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے نوازشریف نے اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطین کو مبصر ریاست کا درجہ دئیے جانے پر دلی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ تہنیتی پیغام میں نوازشریف نے کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کو غیر رکن مبصر ریاست کی حیثیت دلانے کیلئے قرارداد کی بھاری اکثریت سے حمایت فلسطین کے عوام کی آزادی اور خودمختاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اب یہ بین الاقوامی برادری کا فرض ہے کہ وہ آزاد اور خودمختار فلسطین کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ دریں اثناءنوازشریف سے (ق) لیگ کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی نے اپنے بھائی سابق ایم این اے کرنل (ر) غلام رسول کے ساتھ رائے ونڈ میں ملاقات کی اور میاں نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نوازشریف نے افضل ساہی اور ان کے بھائی کرنل (ر) غلام رسول کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افضل ساہی اور کرنل (ر) غلام رسول کے تجربے سے مسلم لیگ (ن) بھرپور استفادہ کرے گی جبکہ افضل ساہی اور کرنل (ر) غلام رسول نے کہا کہ ایک مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کے لئے عوام نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔