• news

ہوائی فائرنگ پر یقین نہیں رکھتے‘ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے قریب ہیں : میانداد


لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میاں داد نے کہا ہے ہوائی فائرنگ پر یقین نہیں رکھتے‘ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور پریمیئر لیگ کے انعقاد میں کامیابی کے قریب ہیں لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے ابھی تمام باتیں نہیں بتائی جا سکتیں‘ کھلاڑیوں کو پیسے کے پیچھے نہیں بلکہ کیریئر کے پیچھے بھاگنا چاہئے‘ ذکاءاشرف کی قیادت میں کرکٹ کی بہتری کیلئے جتنے اقدامات کئے گئے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی‘ میچ فکسنگ ہمشہ کرکٹ کی بدنامی کا باعث بنی ہے‘ میں پی سی بی سے 12 لاکھ نہیں صرف 6 لاکھ روپے لے رہا ہوں۔ اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں جاوید میاں داد نے کہا کہ مجھے دنیا کے کئی ممالک نے کوچز سمیت دیگر معاملات کی ذمہ داری سنبھالنے کی دعوت دی اور لاکھوں ڈالر تنخواہ کی بھی آفر کی گئی لیکن میں نے ان تمام آفرز کو ٹھکرا دیا کیونکہ میں اپنے ملک کی کرکٹ کو مضبوط کرنا چاہتا ہوں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور پریمیئر لیگ کے حوالے سے کئی ممالک کے ساتھ معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن