ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف اہم قدم ہے : خواجہ ندیم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں خواجہ ندیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرائے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد لاہور میں دو سال کے بعد کرایا جا رہا ہے جسے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد دیکھنے کے لئے گرائنڈز میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی سی اے گرائنڈ کو اس بڑے ٹورنامنٹ کے لئے تیار کر لیا گیا ہے۔ ایل آر سی اے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام کاموں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین کرکٹ بورڈ ذکاءاشرف کی اس حوالے سے کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان پریمیئر لیگ کا اعلان بھی انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان لانے مےں ممدو معاون ثابت ہو گا۔ خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ وہ ایل آر سی اے کی تین سالہ کارکردگی سے مطمئن ہیں ہم نے میرٹ پر سلیکشن سے ثابت کیا ہے کہ ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہماری کرکٹ لیگ سے بے شمار ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور اگلے سال کے شروع میں یہ لیگ ایک مرتبہ پھر شروع کی جائے گی۔