ٹیکس وصولی میں کمی، پنجاب کو این ایف سی کے تحت کم رقم ملی
لاہور (احسن صدیق) ایف بی آر کی جانب سے ہدف سے کم ٹیکس وصولی کے باعث پنجاب کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں نومبر کے لئے 34 ارب روپے تک کم موصول ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کو نومبر تک کے لئے این ایف سی کے تحت 52 ارب روپے موصول ہوئے ہیں جن میں گذشتہ مالی سال کے بقایا جات بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال 2012-13ءمیں جولائی سے نومبر کے لئے وفاقی حکومت نے ایف بی آر کے لئے ٹیکس وصولی کا ہدف 776 ارب روپے مقرر کیا تھا لیکن صوبائی حکومتوں کو بھجوائے جانے والے ٹیکس وصولی کے اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر صرف 657 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کر سکا جو ہدف کے مقابلے میں 115 ارب روپے کم ہے اسی تناسب سے این ایف سی کے تحت پنجاب کے حصے میں 34 ارب روپے کی کمی ہو گئی۔ حکومت پنجاب کے حکام نے رابطہ کرنے پر ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ٹیکس وصولی ہدف سے کم کئے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایف بی آر نے اس مالی سال میں ٹیکس وصولی میں 20 فیصد گروتھ کا ہدف مقرر کیا ہے لیکن موجودہ ٹیکس وصولی کی گروتھ تو اس ماہ 5 فیصد ہے اگر یہی صورتحال رہی تو ایف بی آر رواں مالی سال کے لئے مقررہ ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل نہیں کر سکے گا جس سے صوبوں کو مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔