نوازشریف کی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے: جاوید ہاشمی
کاہنہ (نامہ نگار) تحریک انصاف پاکستان کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے نوازشریف احسان فراموش انسان ہیں انہیں پارٹی سے مخلص افراد کی کوئی قدر نہیں ہے، ن لیگ میں صرف ان لوگوں کا قبضہ ہے جو مفاد پرست عناصر ہیں۔ اب وہ وقت آگیا ہے جب نوازشریف کی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما افضال عظیم پاہٹ ایڈووکیٹ کے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر ان کی رہائشگاہ کاہنہ آصل سلیمان میں ایک بڑے عظیم الشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عوام کا سونامی پاکستان میں تبدیلی کا پیغام لے کر آئے گا۔ جب نوازشریف جدہ کے شاہی محلات میں آرام فرما رہے تھے میں اڈیالہ جیل میں دن گزار رہا تھا، شریف برادران نے مشرف کے خوف سے پاکستانی عوام کو تنہا چھوڑ دیا۔ وہ عوام سے مخلص نہیں، وہ سیاست کو صرف کاروبار سمجھتے ہیں۔ جب میں جیل سے رہا ہوا تو گھر میں بھائی کی نعش پڑی تھی۔ ہمارے خاندان نے سیاست کو عبادت سمجھ کر پاکستان کے استحکام کیلئے قربانیاں دیں۔ سابق ممبر قومی اسمبلی انعام اللہ نیازی نے کہا ہم نے ن لیگ کیلئے بہت قربانیاں دیں مگر شریف برادران نے زخموں پر مرہم لگانے کی بجائے نمک چھڑکا اگر آج ہم نے خود کو نہ بدلا تو کل غلامی کا دور ہمارا مقدر بن جائے گا۔ افضال عظیم پاہٹ نے کہا جاوید ہاشمی میرے آئیڈیل لیڈر ہیں، اب میرا جینا اور مرنا تحریک انصاف اور عمران خان کیساتھ ہے۔ سابقہ ایم پی اے اور تحریک انصاف کے رہنما چودھری محمد منشا سندھو اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔