الاتحاد، ایمریٹس، عریبیہ اور قطر ائر لائنز کو سیالکوٹ کیلئے پروازوں کی اجازت
دبئی (طاہر منیر طاہر) منسٹری آف ڈیفنس پاکستان نے الاتحاد، ایمریٹس ائرلائن، ائر عریبیہ اور قطر ائر ویز کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے لئے پروازوںکی اجازت دے دی ہے۔ یہ بات سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ ایگزیکٹو کونسل کے ممبر، سابق صدر چیمبر آف کامرس سیالکوٹ اور سابق ضلع ناظم سیالکوٹ میاں نعیم جاوید نے دبئی میں اپنے اعزاز میں دئیے جانے والے عشائیہ میں بتائی۔ عشائیہ کا اہتمام چودھری محمد شکیل نے کیا تھا جس میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ارکان کے ساتھ ساتھ سردار جاوید یعقوب، قیصر زمان گھمن، ملک خادم شاہین، عبدالوحید پال اور شہباز حسین موجود تھے۔ انہوں نے بتایا مذکورہ ائر لائنز کے ٹیکنیکل سٹاف نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ کر لیا ہے اور ائر پورٹ کو موزوں قرار دے دیا ہے۔ میاں نعیم جاوید نے بتایا ابتدا میں الاتحاد ائر لائن کی چار، امارات ائر لائن کی چار، ائر عریبیہ کی چھ اور قطر ائر ویز کی روزانہ چار فلائٹس سیالکوٹ آئیں گی۔ انٹرنیشنل فلائٹس کے اضافہ سے سیاحوں کی تعداد بڑھے گی جس کے لئے سیالکوٹ میں نجی سطح پر بین الاقوامی معیار کے چار ہوٹل بھی بن رہے ہیں جن میں سے دو فور سٹار تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ انٹرنیشنل فلائٹس کی آمد دو سے تین ماہ میں متوقع ہے۔