• news

دوہری شہریت : حلف نامے نہ دینے والے 4 صوبائی وزرا سمیت 6 ارکان سندھ اسمبلی مستعفی

کراچی (وقت نیوز+ اے پی اے+آئی این پی) دوہری شہریت کے معاملہ پر سندھ اسمبلی کے6 ارکان نے استعفے دے دئیے۔استعفے دینے والوں میں 4 صوبائی وزراءبھی شامل ہیں۔جن ارکان نے استعفے دئیے ان میں رضا ہارون، محمد علی شاہ،مراد علی شاہ، عسکری تقوی، عبدالمعید صدیقی، صادق میمن شامل ہیں۔ مستعفی ارکان میں ایم کیو ایم کے 4 اور پیپلز پارٹی کے 2 ارکان شامل ہیں۔ان ارکان نے دوہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع نہیں کرائے تھے۔ سپیکر سندھ اسمبلی نے تمام استعفے منظور کر لئے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن کے مطابق ان نشستوں پر ضمنی انتخاب نہیں ہو گا۔ چاروں مستعفی وزراءکو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے جس کے بعد انہیں محکموں کا چارج بھی دے دیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی کے 4 صوبائی وزراءسمیت 6 ارکان نے استعفے دے دیئے۔ ان کے استعفے سپیکر سندھ اسمبلی نے منظور کرلئے ہیں صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ نے ان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ استعفی دینے والوں میں پی پی کے وزیر بے محکمہ صادق میمن، ایم کیو ایم کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون، پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ مراد شاہ، ایم کیو ایم کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن