پارٹی منشور پر عمل کر کے ملک کی کو خوشحالی کی منزل پر پہنچائیں گے: نوازشریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے منشور کی بنیاد نعرے بازی نہیں بلکہ عملی حقیقتوں کا اظہار ہے۔پارٹی منشور پر عمل کر کے پاکستان کو خطے مےں ترقی و خوشحالی کی منزل پر پہنچائےں گے۔ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کا چوتھا اجلاس زیر صدارت نواز شریف مسلم لیگ سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن لاہورمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیاسی، معاشی، قانونی، سماجی اور ثقافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق منشور کے لئے مرتب کی گئی تجاویز پیش کیں۔ ارکان اجلاس نے ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنی رائے کا اظہار کھل کر اظہارکیا۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں میں پیش کے گئے ان تینوں منشوروں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیاگیاجن پر دو مرتبہ وفاقی حکومت اور تین دفعہ پنجاب کی صوبائی حکومت کو عملدرآمد کا موقعہ ملا۔ اجلاس میں اس بات پر اطمینان کااظہار کیا گیا کہ گزشتہ ادوار میں منشور میں پیش کئے گئے تمام نکات پر نہ صرف عمل کیا گیا بلکہ معیشت کی ترقی، مضبوطی اور عوامی فلاح کے لیے ایسے اقدامات بھی اختیار کیے گئے جن کا وعدہ نہیں کیا گیا تھا۔ اس ضمن میں خاص طور پر 60 سالہ پرانے محصول چونگی کے نام پر بھتہ خوری کے نظام کا خاتمہ تھا جو پاکستان بھر میں 3200 مقامات پر سرکاری سرپرستی میں سالانہ 200 ارب روپے سے زائد وصول کرتااور خزانے میں اوسطاً 20 ارب روپے بھی جمع نہ کراتا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو تعلیم و صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے جو وسائل درکار ہیں وہ معیشت کو تیز رفتار ٹریک پر ڈال کر ہی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ جس کے لئے توانائی کے حصول کے تمام پاکستانی ذرائع کا بھرپور استعمال اور سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ان اقدامات سے روزگار کے بے شمار مواقع میسر ہونا شروع ہو جائیں گے۔ جس سے خوشحالی کی منزل نزدیک تر ہوتی چلی جائے گی۔نواز شریف نے منشور بنانے کے لئے کام کرنے والے پارٹی کے ماہرین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی تیار کردہ دستاویز”نعرہ بازی“ نہیں بلکہ ”عملی حقیقتوں“ کا اظہار ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ایک خود مختار ملک، خوددار قوم اور خوشحال معاشرے کا خواب پورا کرنے کی یہ دستاویز اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم آنے والے وقتوں میں پاکستان کو خطے میں ترقی و خوشحالی کا ماڈل بنانے کی کاوشوں کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔