مسلم لیگ ہی ملک کو بچائے گی، تمام دھڑے متحد ہو جائینگے: پگارا، شیخ رشید
کراچی (سٹاف رپورٹر) فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہربڑے سیاستدان کا یہ آخری الیکشن ہوگا، صدر بند کمرے میں بیٹھ کر منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں، وہ عوام کو کیا تحفظ دےں گے، ملک کی امن و امان کی صورتحال اتنی خراب ہے کہ حسین کا تعزیہ بھی محفوظ نہیں، انتخابات میں جلسے ہوں گے تو حکمراں کس کس کو تحفظ دیں گے، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، مسلم لیگ ہی ملک کو بچائے گی، ایک دن ضرور آئے گا جب تمام مسلم لیگی دھڑے متحد ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ قبل ازیں دونوں رہنماو¿ں کے درمیان ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ انتخابات میں سیاسی حکمت عملی کے تحت گرینڈ الائنس اور مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دسمبر کے وسط میں پیر پگارا کے پنجاب دورے کے حوالے سے غوروخوص کیا گیا۔ ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں سیاسی حکمت عملی کے تحت گرینڈ الائنس پر غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں شیخ رشید نے موجودہ سیاسی صورتحال پر مشورے دیئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جلد اسلام آباد اور پنجاب کا دورہ کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھی کھانے پر بلایا ہے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انتخابات کے بغیر گزارہ نہیں تاہم انتخابات ہونا خطرے سے خالی بھی نہیں ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ اندرون سندھ پیپلز پارٹی سے جان چھڑانے کا واحد ذریعہ مسلم لیگ (فنکشنل) ہے، پیر پگارا پاکستان بچانے والوں میں سے ہیں لوٹنے والوں میں سے نہیں۔ سندھ میں سیاسی اتحاد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی وطن واپسی کے بعد ہوگا تاہم اب یہی لگ رہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کا کیا ہوگا اس کا مجھے علم نہیں؟ اب مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کا وقت گزر گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشیدنے کہاکہ سال 2013ءمیں چیف جسٹس آرمی چیف اور صدر کو جانا ہے، دیکھتے ہیں پہلے کون جاتا ہے۔ عدالت اور فوج کا متحد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا چوہدری بھائیوں کے لئے کچھ نہیں کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے میں نے اتحاد کرلیا ہے۔