• news

چینی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں : زرداری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت چائنہ انوسٹمنٹ کارپوریشن کے ساتھ گول میز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں وفاقی وزراءچودھری احمد مختار، غلام احمد بلور اور فرزانہ راجہ نے شرکت کی۔ کانفرنس میں گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ اور گورنر خیبر پی کے مسعود کوثر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صدرو نے کہا کہ چینی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے استفادہ کریں۔ ذوالفقار آباد میں خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔اے پی پی کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ اپنے خطاب میں صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں دوست ممالک مختلف شعبوں خاص طور پر اقتصادی شعبوں میں مل جل کر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان چین دوستی آزمودہ اور دیرینہ ہے جو پہاڑوں سے زیادہ بلند، شہد سے زیادہ میٹھی ہے، چین پاکستان کا مہربان دوست ہے۔ صدر نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور آزمودہ تعلقات کوعوام کے باہمی مفادکیلئے ٹھوس اقتصادی اور تجارتی قوت میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کرنے کیلئے کہا اور چینی وفد سے کہا کہ پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات، مواصلات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔ وفد کے ساتھ ون آن ون ملاقات کے دوران صدر نے امید ظاہر کی کہ سرمایہ کاری سے متعلق مختلف پریزنٹیشن اور تاجروں کے ساتھ روابط سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو فروغ ملے گا۔ صدر نے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی کے منصوبوں میں چین کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ اب پاکستان چین قریبی تعلقات کو مو¿ثر طور پر باہمی مفید اقتصادی تعلقات میں تبدیل کیا گیا ہے۔ صدر نے کہا کہ حال ہی میں سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے مراعات کے تحفظ کیلئے ایک قانون نافذ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت نجی شعبہ کی سہولت و سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول اور معاون انفراسٹرکچر فراہم کرے گی۔ صدر نے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کی دعوت دی جہاں عالمی معیار کی بنیادی سہولتیں اور انفراسٹرکچر میسر ہوگا اور زون ڈویلپرز اور انٹرپرائزز کیلئے ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں 10 سال کی چھوٹ ہوگی۔اس موقع پر چینی کارپوریشن کے صدر گاﺅ ژی کنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دورہ کے دوران وفد نے سرکاری و نجی شعبہ کے حکام سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے زبردست امکانات سے بڑا متاثر ہوا۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ عماد خان نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن