کارکے پاور پلانٹ کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے: ترک سفیر
اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مصطفی بابر ہزلان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیااور دارالحکومت کی تاجر برادر ی سے باہمی تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ ترکی کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کو مثالی سمجھا جاتا ہے اس کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ لہٰذا اب مناسب وقت ہے کہ پاکستان اور ترکی اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن بچھا کر اور مزید فلائٹس کا اجراءکر کے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مذید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ ترکی کے سفیر نے کہا کہ ترکی کی کمپنی کارکے نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کی لیکن اس کمپنی کی کوئی خاطر خواہ حوصلہ افزائی نہ کی گئی جس کی وجہ سے اسے کئی طرح کے مسائل کر سامنا کرنا پڑا اور سرمایہ کاروں کو مایوسی ہوئی جس کی وجہ سے اب وہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مذکورہ کمپنی کے معاملات کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔