محمد آصف سنوکر کے عالمی چیمپئن بن گئے ‘ ملک بھر میں جشن
صوفیہ+ اسلام آباد+ لاہور (سپورٹس رپورٹر+ خبرنگار + نیوز ایجنسیاں) پاکستان کے محمد آصف نے فائنل میں انگلینڈ کے گیری ولسن کو شکست دےکر ورلڈ امیچور سنوکر چیمپئن شپ جیت لی اس طرح پاکستان اٹھارہ سال بعد عالمی چمپین بن گیا، اس سے قبل 1994ءمیں محمد یوسف نے پاکستان کےلئے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ محمد آصف کی کامیابی کی خبر ملتے ہی ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور نو جوان سڑکوں پر نکل آئے¾ فیصل آباد میں محمد آصف کے گھر پر جشن کا سماں بندھ گیا اور محمد آصف کے دوستوں اور شہریوں کی بڑی تعداد مبارکباد دینے ان کے گھر پہنچ گئی۔ بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کے محمد آصف انگلینڈ کے گیری ولسن کے مدمقابل آئے تو کامیابی کےلئے انگلش پلیئر ہاٹ فیورٹ تھے تاہم محمد آصف نے اپنے شاندار کھیل سے بڑے بڑے پنڈتوں کے دعوﺅں کو غلط ثابت کر دیا اورگیری ولسن کو مکمل آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے8کے مقابلے 10فریم سے کامیابی حاصل کرلی۔ صدر آصف علی زر داری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے محمد آصف کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ان کی کامیابی پوری قوم کےلئے باعث فخر ہے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے عالمی چیمپئن بننے پر محمد آصف کےلئے 10لاکھ روپے کا انعام کا ا علان کیا ہے اور ان کی وطن واپسی پر تقریب منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔ محمد آصف ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہے اور لگاتار 9مقابلے جیتے ہیں۔ محمد آصف کامیابی کے بعد سجدہ ریز ہو گئے۔ محمد آصف نے کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔ جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کامیابی پر بہت خوش ہوں، لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے کامیابی کیلئے دعا کی۔ گیری ولسن سے سخت مقابلہ ہوا تھوڑا سا پریشر میں تھا میری جیت پاکستان کے عوام کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے۔ گیری ولسن کے خلاف کامیابی ناقابل فراموش ہے۔ بلغاریہ میں منعقد چیمپئن شپ میں پاکستان کی دو رکنی ٹیم نے شرکت کی تھی، اسجد اقبال نے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی تاہم محمد آصف نے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ سے سات لاکھ روپے کی امداد مانگی تھی تاکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی یقینی ہو سکے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے فنڈز جاری نہ ہونے کے بعد پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے اپنی مدد آپ کے تحت دونوں کھلاڑیوں کو بلغاریہ بھجوایا تھا۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ پوری قوم کو محمد آصف کے کارنامے پر فخر ہے۔ کھیلوں کی تنظیموں اور شائقین نے محمد آصف کو ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی نے مسائل میں گھیری قوم کو ایک تحفہ دیا ہے۔ خواجہ ندیم کا کہنا تھا کہ محمد آصف نے پاکستان کر جو خوشی فراہم کی ہے ہمیں اپنے کھلاڑی پر ناز ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلے نہ ہونے کے باوجود ہمارے کھلاڑیوں کا عالمی ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی دکھانا بہت بڑی بات ہے۔مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق آصف کی کامیابی پر مٹھائی تقسیم کی گئی۔ لوگوں نے نوافل ادا کرکے اللہ کا شکر ادا کیا۔