قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ : لاہور لائنز‘ سیالکوٹ سٹالینز‘ فیصل آباد وولوز‘ بہاولپور سٹینگز‘ کراچی زیبرزاز کامیاب
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور لائنز نے ایبٹ آباد فالکن اور سیالکوٹ سٹالینز نے کوئٹہ بیئرز کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو باغ جناح، لاہور میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں لاہور لائنز نے ایبٹ آباد فالکنز کو 30 رنز سے زیر کیا، لاہور لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، کامران اکمل 59 ، ناصر جمشید 39 اور احمد شہزاد 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایبٹ آباد کی جانب سے احمد جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز سکور کر سکی، کپتان یونس خان 47 اور یاسر حمید 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، لاہور لائنز کی جانب سے کپتان محمد حفیظ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراﺅنڈ میں کھیلے گئے گروپ اے کے ایک اور میچ میں سیالکوٹ سٹالینز نے کپتان شعیب ملک کی شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی کی بدولت کوئٹہ بیئرز کو 72 رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، شعیب ملک نے 51 رنز کی عمدہ اننگزکھیلی، کوئٹہ کی جانب سے نذر حسین نے تین وکٹیں حاصل کیں، جواب میں کوئٹہ کی پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شعیب ملک نے چار جبکہ نوید الحسن، عمید آصف اور شاہد یوسف نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ فیصل آباد وولفرر نے لاہور ایگلز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، لاہور ایگلز نے 103 رنز بنائے، اظہر علی 15، عمران فرحت 20 رنز بنا سکے۔ سعید اجمل نے دو اور اسد علی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد وولفرر نے ہاف 5 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ فرخ شہزاد نے 47 رن بنائے۔ محمد خلیل اور رضا علی نے دو دو کٹیں حاصل کیں۔ بہاولپور سٹیگز نے پشاور پینتھرز کو 29 رنز سے ہرایا۔ بہاولپور سٹیگز کے 134 رنز بنائے۔ بلال خلجی نے 33، عثمان طارق نے 29 رنز بنائے۔ وقار احمد اور عمران خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور پینتھرز کی ٹیم 105 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ کراچی زیبراز نے اسلام آباد لیپرڈز کو 4 رنز سے پچھاڑ دیا۔ کراچی زیبراز نے 121 رنز بنائے۔ افتخار انجم نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد لیپرڈز 117 رنز بنا سکی۔ راولپنڈی ریمز نے کراچی ڈالفنز کو شکست سے دوچار کر دیا۔ راولپنڈی ریمز نے 5 وکٹوں پر 188 رنز بنائے۔ عمر امین نے 52رنز بنائے۔ تنویر احمد نے دو جبکہ شاہد آفریدی اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کراچی ڈولفنز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 183 رنز بنا سکی۔ خرم منظور نے 50، فواد عالم نے 40 (ناٹ آوٹ) اور تنویر احمد نے 33 رنز بنائے۔ حماد اعظم اور یاسر عرفات نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔