تحریک انصاف سندھ کی تنظیمی باڈی تحلیل، پارٹی الیکشن جنوری میں ہونگے
کراچی (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری کی سفارش پر پارٹی انٹرا الیکشن کے لئے صوبائی سندھ کی تنظیمی باڈی تحلیل کردی ہے جس کے تحت صوبے کی تمام ڈویژن اور ڈسٹرکٹ بھی تحلیل ہوگئے ہیں۔ سندھ میں پارٹی الیکشن جنوری میں ہونگے۔ عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقدہ پولیٹیکل اسٹراٹجیک کمیٹی(PSC)کے اجلاس میں سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے سندھ کی باڈی کو تحلیل کرنے کی تجویز پیش کی۔ نادراکمل خان لغاری کی سفارش منظور کرتے ہوئے عمران خان نے سندھ کی تمام تنظیمی باڈیاں تحلیل کرنے کی منظوری دے دی اور جنوری میں پارٹی الیکشن کا بھی اعلان کیا۔