• news

فیصل آباد: عالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف کے گھر مبارکباد دینے والوںکا تانتا بندھا رہا


 لاہور+فیصل آباد+اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) عالمی سنوکر چیمپین کا اعزازحاصل کرنے پر فیصل آباد میں محمد آصف کے آبائی گھر محلہ کوثر آباد جھنگ میں گزشتہ روز لوگوں کی بڑی تعداد محمد آصف کے والد محمد انور اور دیگر اہلخانہ کو مبارکباد دینے کیلئے آتی رہی۔ کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران نے شاندار کامیابی پر محمد آصف اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر عالمی سنوکر چیمپیئن محمد آصف کے والد محمد انور نے کہاکہ ان کے بیٹے محمد آصف کی فتح ان کے اہلخانہ سمیت پوری قوم کی دعاﺅںکا نتیجہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی خواہش تھی کہ ان کا بیٹا عالمی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کرے ۔ مزید برآں اہلیان فیصل آباد نے وطن واپسی پر محمد آصف کا تاریخ ساز استقبال کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔ ورلڈ سنوکر چیمپئن محمد آصف نے کہا ہے کہ ان کی جیت پاکستانی قوم کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے۔ کھلاڑیوں کو نوکریاں مل جائیں تو پاکستان مزید ٹائٹل جیت سکتاہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر بہت خوشی ہوئی، پوری قوم کی دعائیں میرے ساتھ تھیں قوم کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ کئی جگہ نوکری کی درخواست دی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ سنوکر کا جنون تھا جس کی وجہ سے سنوکر جاری رکھی۔ علاوہ ازیں شباب ملی کے ضلعی صدرچوہدری عرفان الرحمن گل نے محمدآصف اوراس کے گھر والوںکوسنوکرکاورلڈکپ جیتنے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمدآصف نے حکومتی سرپرستی کے بغیرسنوکرکاعالمی چیمپئن بن کرثابت کیاہے کہ پاکستان کے نوجوان کسی سے کم نہیں مگرحکمران اور بیوروکریسی صرف اورصرف اپنی جیبیںبھرنے کے لئے قابل نوجوانوںکی بھی سر پرستی نہیںکرتے شباب ملی کے ضلعی صدرنے محمدآصف کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں ہرطرح کے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف کی واپسی پران کے استقبال میں بھرپور شرکت کرینگے۔اسلام آباد بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے محمد آصف کو آئی بی ایف سی ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اس خبر کو پاکستان کے جونیئر سنوکر کھلاڑیوں کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر شعبوں کی طرح ملک میں کھیلوں کا شعبہ بھی نظرانداز ہو رہا ہے۔



آصف کے گھرتانتا

ای پیپر-دی نیشن