ایرانی دوائیں امریکیوں کی زندگیاں بچا‘ امریکی پابندیاں زندگیاں اجاڑ رہی ہیں“
واشنگٹن (اے پی پی) ایرانی ادویات امریکیوں کی زندگیاں بچا رہی ہیں جبکہ امریکی پابندیاں ایران کے ہزاروں مریضوں کی زندگیاں اجاڑ رہی ہیں۔ پیر کو امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں لکھا ہے کہ افغانستان میں جنگی کارروائیوں میں مصروف امریکی فوجیوں کا علاج ایرانی ادویات سے کیا جا رہا ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے میڈیکل گائیڈنس کے حوالے سے اخبار نے لکھا ہے کہ سنٹرل کمانڈ نے ایرانی میڈیکل ریسرچ ادارے کے سربراہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ زہر کے اثرات کو ختم کرنے والی ادویات کی فراہمی کا سلسلہ تیز کیا جائے۔ افغانستان میں اکثر امریکی فوجی سانپوں کے ڈسنے سے زیر علاج ہیں، زہر کا اثر ختم کرنے کیلئے بہترین ادویات صرف ایران ہی تیار کرتا ہے۔ ایرانی ادویات کی وجہ سے امریکیوں کی زندگیاں بچ رہی ہیں جبکہ اس کے برعکس امریکی پابندیوں کی وجہ سے ہزاروں ایرانی مریض ادویات کی عدم فراہمی کے باعث اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔