• news

مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے حالیہ ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی پارٹی کی پالیسیوں پر عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ مسلم لیگ (ن) سیاست کو عوام کی خدمت کا ذرےعہ سمجھتی ہے۔ پنجاب میں عوام کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں۔ ےہی وجہ ہے ضمنی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو شاندار کامیابیوں سے ہمکنار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے جیتیں گے اور مرکز سمیت چاروں صوبوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی اور ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں ایک نیا پاکستان تعمیر کریں گے، جہاں انصاف کا بول بالا ہو گا اور سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نومنتخب ارکان اسمبلی عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں وال چاکنگ کے خلاف مہم کا حکم دیا ہے اور تمام کمشنرز اور ڈی سی او صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ وال چاکنگ کے خلاف بلاتفریق بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے اور اشتہاروں سے ماند پڑنے والی شہری خوبصورتی پر فوری نوٹس لیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع میں وال چاکنگ کے خلاف کئے گئے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں ایک غیر ملکی جریدے کو انٹرویو میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ وفاقی حکومت ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے کی ذمہ دار ہے، ناقص پالیسیوں کی بنا پر آج عوام کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور کرپشن نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے اور انشاءاللہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس کی تمام تر ذمہ دار ی وفاقی حکومت پر ہے جس نے گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔ لوٹ مار و اقربا پروری نے قومی اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ رینٹل پاور پلانٹ کے نام پر بھی اربوں روپے کی کرپشن کی گئی جس کا عدالت عظمیٰ نے نوٹس لیا ہے اور لوٹی گئی رقم واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی حکومت کی لوٹ مار اور کرپشن کی داستانیں زبان زدِعام ہیں اور ملک کی اعلیٰ شخصیت بھی اس میں ملوث ہے۔ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے کرپشن کا خاتمہ اور عام انتخابات کا جلد انعقاد بہت ضروری ہے۔ عوام کرپٹ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں اور اس سے جلد چھٹکارا چاہتے ہیں۔ پاکستان بھارت تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر پرامن طریقے سے مسائل حل کرنا ہوں گے، جنگوں نے غربت اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ باہمی تجارت و اقتصادی روابط کو بڑھانا ہو گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت اور خدمت کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ شروع کیا گےا ہے جس پر دن رات برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ یہ منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ کام اور محنت کا ایسا کلچر متعارف کرایا گیا ہے جس کی ماضی مےں مثال نہیں ملتی۔ میٹرو بسیں بہت جلد لاہور پہنچ رہی ہیں اور مستقبل قریب میں عام آدمی آرام دہ اور جدید بس پر عزت سے سفر کر سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس پراجیکٹ کے کام کی رفتار پر پیشرفت، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شرےف نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ نہر اور یادگار چوک پر ریسکیو 1122 کے سنٹرز بنائے جائیں گے۔ روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں اور روٹ، بس سٹیشنز اور جنکشنز کی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائےں گے۔ سکیورٹی پلان فول پروف سسٹم کے ساتھ 24 گھنٹے فنکشنل ہونا چاہئے۔ سکیورٹی انتظامات کرتے وقت تمام پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارک اینڈ رائیڈ اور بس سٹیشنز پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، زیر التوا¿ کاموں کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مےں پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیشنز پر ای ٹکٹنگ کے بوتھ بھی بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے چےف ٹرےفک آفےسر لاہور کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک ہر صورت مےں رواں دواں رہنی چاہئے۔ عوام کی سہولت اولین ترجیح ہے، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ روٹ کے تمام مقامات پر خوبصورت لینڈ سکیپنگ کا جامع منصوبہ تیار کیا جائے جبکہ ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کیلئے پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا جائے جس کا میں آئندہ دورے پر جائزہ لوں گا۔ وزیر اعلیٰ نے میٹرو بس پراجیکٹ کے 28 کلومیٹر طویل راستے کو بہترین سیاحتی مقام بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روٹ کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر سیاحو ںکی توجہ کیلئے کافی شاپس، ٹک شاپس اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کا جائزہ لے کر مکمل منصوبہ پیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ فلائی اوور کے اوپر بھی خوبصورت انداز میں ہارٹیکلچر کا کام کیا جائے۔ دریں اثناءشہباز شریف سے میٹرو بس پراجیکٹ کے متاثرین نے گذشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی اور اپنے کاروبار اور ادائیگیوں کے حوالے سے درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے میٹرو بس پراجیکٹ متاثرین سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس عوامی فلاح کا عظیم منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل سے صوبائی دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے متاثرین کے تمام کلیمز ایک ہفتہ کے اندرنمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔ متاثرین کو ادائیگیاں کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ میٹرو بس پراجیکٹ کے متاثرین نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس یقینا عوامی فلاح کا منصوبہ ہے، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس منصوبے کو کامیاب بنائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے سندھ کے سیاسی رہنما ممتاز بھٹو کے بیٹے امیر بھٹو نے ماڈل ٹا¶ن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی بھاری کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی اکثریت نے ایک مرتبہ پھر محمد نوازشریف کی قیادت پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم سب اس پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ عوام نے ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ (ن) ہی صحیح معنوں میں قیادت کی اہل جماعت ہے، صوبے بھر میں ملنے والی کامیابی پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی کامیابی ہے، آئندہ عام انتخابات میں بھی میاں نوازشریف اور ان کے ساتھی اسی اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن