ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری‘ قومی ٹیم افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گی
دبئی (نیوز ایجنسیاں) آئی سی سی خواتےن ورلڈکپ 2013 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، میگا ایونٹ 31 جنوری سے 17 فروری تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں انگلینڈ، بھارت، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا جبکہ گروپ بی میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 31 جنوری کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اسی روز دوسرا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔ یکم فروری کو نیوزی لینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ سے نبرد آزما ہوگی، 2 فروری کو انگلینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا، 3 فروری کو دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ 4 فروری کو پہلا میچ بھارت اور انگلینڈ جبکہ دوسرا سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 5 فروری کو پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ جبکہ آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ 6 فروری کو آخری گروپ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ بھارت اور سری لنکا جبکہ دوسرا انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہوگا۔ سپر سکس مرحلہ 9 فروری سے شروع ہوگا جبکہ فائنل 17 فروری کو کھیلا جائے گا۔