عروس البلاد کراچی سفاک قاتلوں کے قبضے میں
مکرمی! عروس البلاد کراچی اس وقت عملاً جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے مکمل کنٹرول میں ہے یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے اور پورا منی پاکستان جنگل کے قانون کے تحت پرچی مافیا‘ ڈرگ مافیا اور بھتہ خوروں کے حوالے کیا جا چکا ہے۔ اس ساری صورت حال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں ہیں جو پونے پانچ سال سے ان قاتلوں اور جرائم پیشہ افراد کی ناصرف پشت پناہی کر رہی ہیں بلکہ منی پاکستان کو بیروت بنانے کی بھی ذمہ دار ہے۔ کراچی جو کبھی روشنیوں کا شہر ہوا کرتا تھا۔ اس وقت بھتہ خوروں لٹیروں اور ماہر نشانہ باز سفاک قاتلوں کا شہر بن چکا ہے۔ اتحادی جماعتوں کے عسکری ونگز نے نوگو ایریا بنا کر اپنی اپنی حد بندیاں قائم کر رکھی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر دفعہ ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے راستے میں صدر آصف علی زرداری اور رحمان ملک کی نام نہاد مفاہمتی پالیسی آڑے آجاتی ہے اور ستم ظریفی تو یہ ہے کہ کہیں فری ہینڈ نظر آتا ہے اور نہ ہی وہ آہنی ہاتھ جس کی ماضی میں کبھی دھوم تھی یہی پولیس تھی جو کبھی بھتہ خوروں اور قانون شکن عناصر کے لئے فولاد تھی آخر لوگ کب تک اپنے پیاروں کی لاشوں پر بے بسی کے آنسو روتے رہے گے۔ خدارا محب وطن قوتیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اب جاگنا ہو گا بلاشبہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت ملک پھر خصوصاً کراچی‘ پشاور اور کوئٹہ میں امن قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ لہٰذا عوام آئندہ الیکشن میں کرپٹ بددیانت لوگوں کی بجائے مخلص دیانتدار اور محب وطن نمائندوں کا انتخاب کرے تاکہ وطن عزیز کو موجودہ دلدل سے نکالا جا سکے جس میں ہم موجودہ نااہل اور کرپٹ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے دھنستے جا رہے ہیں۔
(رانا عصمت اللہ 0300-4712163 )