گورنر جنوبی پنجاب کی باتیں کرکے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے: رانا ثنائ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب جنوبی پنجاب کی باتیں کرکے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے اور جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے اُسے محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ گورنر پنجاب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور اس کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے جتنے فنڈز مختص کئے ہیں، اتنے فنڈز آج تک کسی حکومت نے مختص نہیں کئے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور محرومیاں دور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کی ترقی کے لئے ریکارڈ کام کئے ہیں۔ زرداری ٹولے نے جنوبی پنجاب کا نعرہ لگاکر عوام کی توجہ اپنی کرپشن سے ہٹانے کی ایک ناکام کوشش کی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زرداری ٹولے کی کرپشن کی وجہ سے آج بچے بچے کی زبان پر ان کی کرپشن کی داستانیں ہیں۔ رانا ثناءنے گورنر پنجاب کو مشورہ دیا کہ وہ خاطر جمع رکھیں، لٹیروں کا انجام بس قریب ہی ہے۔