سینئر وکیل مسعود عابد پر قاتلانہ حملہ، پنجاب بار کا آج ہڑتال کا اعلان
لاہور (اپنے نمائندے سے+وقائع نگار خصوصی) فرید کورٹ ہاﺅس کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے سینئر وکیل مسعود عابد نقوی کو اندھا دھند فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ وکلاءمیوہسپتال کی ایمرجنسی پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق یہ قاتلانہ حملہ کسی پرانی رنجش سمیت ٹارگٹ کلنگ یا فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش ہوسکتی ہے۔ ادھر پنجاب بار کونسل نے مسعود عابد نقوی ایڈووکیٹ پر فائرنگ کے واقعہ کے خلاف آ ج صوبہ بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چئیرمین غلام عباس نسوانہ نے کہا ہے کہ وکلاءکو جان بوجھ کر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر اسکے باوجود حکومتوں کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار نے بھی مسعود عابد نقوی ایڈووکیٹ پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وکلاءبرادری کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔