آزاد کشمیر میں آج تک منصفانہ انتخابات نہیں ہوئے: رشید ترابی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں آج تک منصفانہ انتخابات نہیں ہوئے بلکہ ہمیشہ دھاندلی ہوئی ہے اور اس وقت بھی دھاندلی کی پیداوار زرداری قبیلہ حکمران ہے، کشمیر ہم سب کا مشترکہ کاز ہے، قائداعظمؒ نے اس کو شہہ رگ قرار دیا ہے، یہ رشتہ جغرافیائی اور نظریاتی ہے، کشمیر بیس کیمپ میں من پسند ٹولے کو مسلط کیا گیا ہے جو کشمیریوں کی ترجمانی نہیں کر رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے دفتر میں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمدکے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ عبدالرشید ترابی نے کہا تمام تر سازشوں کے باوجود کشمیریوں نے بھارت کے تسلط کو قبول نہیں کیا۔ پاکستان کی حکومتوں نے یوٹرن لیا اس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی اداروں میں جانے کا موقع ملا تھا وہ ختم ہوا ہے۔ بھارت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر دباو¿ ہونے کے باوجود پاکستان کی موجودہ حکومت فائدہ نہ اٹھا سکی۔