119 بوسنیائی مسلمانوں کو زندہ جلانے پر 2 سرب کزنوں کو عمر قید
دی ہیگ (اے ایف پی) 132 بوسنیائی مسلمانوں کو قتل کرنے کے جرم میں اقوام متحدہ کے یوگو سلاویہ جنگی جرائم کورٹ نے گذشتہ روز دو بوسنیائی سرب کزنوں کی سزا برقرار رکھی تاہم اپیل پر قید سناتے ہوئے ایک کی سزا میں کمی کر دی گئی۔ اپیلز کورٹ نے سیلان سیکوک کی عمر قید کی سزا کی توثیق کر دی جبکہ سرڈوجی سیکوک کی سزا 30 سال سے کم کر کے 27 سال کر دی گئی۔ جولائی 2009ءمیں ججز کے پینل نے سیلان سیکوک کو کم سے کم 132 مسلمانوں کے قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔ دیگر جرائم کے علاوہ اسے 119 مسلمانوں کو زندہ جلانے کے سنگین جرم کا بھی مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ سزا سنائے جانے کے موقع پر سیلان سیکوک کا چہرہ جذبات سے عاری تھا اور وہ گم چبانے میں مصروف تھا۔