ضمنی الیکشن جیتنے پر مسلم لیگ (ن) کو مبارکباد، دھاندلی کا شور سن کر تنگ آ چکا ہوں: شاہ محمود قریشی
ملتان + اسلام آباد (جنرل رپورٹر + اے این این) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں دھاندلی کا شور سن کر تنگ آ چکا ہوں۔ سماجی ویب سائٹ ”ٹویٹر“ پر لکھے گئے اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے ضمنی انتخابات میں پنجاب میں شاندار کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں چاہئے کہ جیتنے والوں کو فراخدلی کیساتھ مبارکباد دیں۔ روایتی سیاست سے ہٹ کر آگے بڑھنا ہوگا جبکہ نوائے وقت سے گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے مدمقابل تحریک انصاف صف آراءنظر آئے گی۔ پنجاب بھر میں حقیقی مقابلہ نہیں۔ وہ جماعتوں کے درمیان ہو گا کیونکہ پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور انہیں ابھی سے بیساکھیوں کی ضرورت محسوس ہونے لگی ہے۔