عوام انتخابات میں ”کرپشن کے بت“ گرا دیں گے‘ مسلم لیگ ن نیا پاکستان بنائے گی : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزےر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شرےف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت نے گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کی رتی بھر بھی کوشش نہیں کی۔ زر بابا چالیس چوروں کے دور میں زندگی کے کسی شعبے میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی کہ کرپشن کے میدان میں ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے حکمرانوں کا ضمیر بار بار جھنجھوڑا لیکن کرپشن ان کے رگ و پے میں اتنی سرایت کر چکی ہے کہ انہوں نے متعدد عدالتی احکامات کے باوجود اپنی روش تبدیل نہیں کی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ نے پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کی بیڈگورننس اور کرپشن کو بے نقاب کر دیا ہے۔ وہ گذشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام ”کرپشن کے بت“ گرا دیں گے۔ نااہل اور بے ضمیر وفاقی حکمرانوں نے ملک کو تباہی و بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، زر بابا اور چالیس چور اب اپنے منطقی انجام کیلئے تیار رہیں۔ عوام اب انہیں الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے اور انشاءاللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آ کر ایک نیا پاکستان بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اصولی سیاست کے باعث مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں جو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کا درد رکھتے ہیں اور عوام عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر ہی بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔ زرداری ٹولہ جتنا عرصہ اقتدار میں رہے گا ملک اتنا ہی پیچھے چلا جائے گا۔ زر بابا چالیس چور سر سے پاﺅں تک کرپشن کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔ ملک و قوم کے اربوں روپے لوٹ کر ذاتی تجوریاں بھری گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران ملک و قوم کو گروی رکھ چکے ہیں۔ ایٹمی ملک ہونے کے باوجود چند ٹکوں کیلئے کشکول اٹھائے پھرتے ہیں۔ ملک بچانا ہے توزر بابا اورچالیس چوروں کو بھگانا ہو گا۔ حکومت میں آنے کے پہلے سال سے لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور بدامنی ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے ساڑھے چار سال میں کچھ نہیں کیا اور آج صورتحال پہلے سے بھی زیادہ خراب ہو گئی ہے۔ ان عناصر نے عوام کو جمہوریت کے تمام ثمرات سے محروم رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی خدمت پر مرکوز رکھیں۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے حکومتی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام مسلم لیگ (ن) کو ہی امید کی کرن سمجھتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری آبادی کا نصف سے زائد خواتین پر مشتمل ہے جو تعلیم، صحت، انجینئرنگ، بنکنگ اور دیگر شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنا کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے پروفیشنل ونگ کو بھی پوری طرح فعال بنایا جائے گا اور اس پروفیشنل ونگ میں مرد اور خواتین پروفیشنلز کو شامل کیا جائے گا۔ وہ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے پروفیشنل ونگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوددار، خوشحال اور خودمختار پاکستان ہمارا نصب العین ہے اور نوازشریف کی قیادت میں ہم یہ منزل ضرور حاصل کریں گے۔ تعلیم، صحت، زراعت، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دئیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے، اسی لئے پنجاب حکومت نے ان شعبوں کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔ اجلاس کی شرکا پروفیشنل خواتین نے پنجاب حکومت کے فلاحی اقدامات پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ فیسٹیول کا انعقاد اور نوجوانوں میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام انتہائی مستحسن اقدام ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شرےف نے رکن صوبائی اسمبلی چودھری شہباز احمد کے والد اور سجادہ نشین دربار حضرت سلطان باہو‘ صاحبزادہ سلطان عمر دراز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ اپنے علیٰحدہ علیٰحدہ تعزیتی پیغامات میں وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔