• news

سی این جی ایسوسی ایشن کی ڈاکٹر عاصم سے ملاقات، قیمت کے تعین ٹیکسوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد (ثناءنیوز) سی این جی ایسوی ایشن کے عہدیداروں نے مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کی، سی این جی ایسوی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے کہا کہ عوام کو سی این جی پر ریلیف دینے کے حق میں ہیں۔ تاہم حکومت بھی اس حوالے سے اپنے ٹیکس کم کرکے عوام کو ریلیف دے۔ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ٹیکسوں میں کمی یا اضافے کا اختیار ان کے پاس نہیں، انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعظم سے بات کریں گے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سی این جی کے وفد نے مشیر پٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ سی این جی کے شعبے کے لئے پالیسی کی تیاری کے عمل میں سی این جی سٹیشنز کے مالکان اور صارفین کے تحفظات اور مشکلات کو بھی مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جائیں جس پر مشیر پٹرولیم نے یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن