• news

سرکاری ٹھکانوں پر غیر قانونی قبضے، سینٹ کمیٹی کا اظہار برہمی، ذیلی کمیٹی تشکیل


اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے ہاﺅسنگ نے ملک بھر میں سرکاری مکانات پر غیر قانونی قبضوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سب کمیٹی تشکیل دے دی جو دو ماہ میں کمیٹی کی رپورٹ پیش کرے گی جب کہ وزارت ہاﺅسنگ تعمیرات سے تین پلاٹ حاصل کرنے والے سرکاری افسران کی تفصیلات طلب کر لیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 332 سرکاری فلیٹس پر سرکاری وریٹائرڈ ملازمین اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار قابض ہیں، سرکاری گھروں کے خالی کرانے کے حوالے سے 1250حکم امتناعی ہیں۔ اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر شاہی سید کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔
 اجلاس میں سیکرٹری ہاﺅسنگ کامران لاشاری نے کمیٹی کو بتایا کہ کری مڈل ویلیج میں گریڈ20 اور 21 کے افسران کو پلاٹ دیئے گئے ہیں اور گریڈ 22 کے افسران کو دو سے زائد پلاٹ وزیراعظم سپیشل پیکیج پالیسی کے تحت دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے کابینہ کو ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ چھوٹے گریڈ کے سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کے لئے بھی ہاﺅسنگ منصوبے شروع کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن