ایچ ای سی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا تنازع ختم
اسلام آباد (نامہ نگار) ایچ ای سی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کے تنازعہ کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ایچ ای سی نے وزارت تعلیم و تربیت کے سیکرٹری میجر (ر) قمر الزمان چودھری کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سہیل نقوی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی قمرالزمان چودھری کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کیخلاف اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اسلام آباد میں احتجاجی ریلی نکالی، احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ ادارے کی خودمختاری برقرار رکھنے کے لئے ازخود نوٹس لیں۔