• news

پاکستان ہالینڈ کو ہرا کر ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ سکتا ہے: اولمپیئنز

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹےم کے سابق کپتان اور کوچ اصلاح الدین صدیقی ، رانا مجاہد، محمد اخلاق، خواجہ جنید، ارشد چودھری، محمد علی، دانش سلیم اور انجم سعید نے کہا ہے کہ پاکستان سیمی فائنل میں ہالینڈ کو ہرا کر چیمپئنز ہاکی ٹرافی کے فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ جرمنی کے خلاف کامیابی سے پورے ملک وقوم کو بے حد خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں تاہم ہالینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں سخت مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم اسی طرح متحد ہوکر کھیلی تو سیمی فائنل میں بھی فتح اس کا مقدر ہوگی۔ ہماری ٹیم اچھی ہاکی کھیل رہی ہے، اولمپک چیمپئن جرمنی کے خلاف بھی اس کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔ ہالینڈ کے خلاف کامیابی کے لئے قومی ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی اور ٹیم کے پاس فائنل تک رسائی کا سنہری موقع ہے۔ دفاع کے شعبے میں ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے، اگر کھلاڑی اسے مضبوط بنانے میں کامیاب ہوئے تو ہالینڈ کے خلاف کامیابی ہماری ہی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن