• news

پاسپورٹ ایک ہفتہ میں کلیئر کئے جائیں، وزیر داخلہ کی ڈی جی کو ہدایت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیر داخلہ رحمن ملک کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں پاسپورٹ کے اجرا میں حائل مشکلات پر غور کیا گیا رحمن ملک نے پاسپورٹس جلد کلیئر نہ ہونے پر ایڈیشنل سیکرٹری کی نگرانی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی اور پاسپورٹ آفس میں تین شفٹ میں پرانے پاسپورٹس کلیئر کرانے کا حکم دیا۔ رحمن ملک نے ڈی جی پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ تمام پاسپورٹ ایک ہفتے میں کلیئر کئے جائیں۔ رحمن ملک نے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انکوائری کرکے یہ معلوم کیا جائے کہ تاخیر کیوں ہوئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت بیرون ممالک 12 پاسپورٹ کے دفاتر بالکل تیار ہے۔ وزیرداخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ ان دفاتر میں دسمبر کے آخر تک کا شروع کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرداخلہ رحمن ملک نے مزید 23 ممالک میں پاسپورٹ دفاتر کی منظوری دی ان میں اٹلی، جنوبی افریقہ، افغانستان، ڈنمارک، چین، ہانگ کانگ، بلجیئم، جاپان، ساﺅتھ کوریا، ایران، سنگاپور، تھائی لینڈ، آسٹریا، فلپائن، مصر، اردن، بنگلہ دیش، سری لنکا، نائیجریا، ترکی، برازیل، لیبیا، داراسلام شامل ہیں۔ رحمن ملک نے ایف آئی اے میں120 خواتین کو گزشتہ دس سال سے پروموشن کے لئے زیر غور نہ لانے کا بھی سخت نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ ایف آئی اے خواتین کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے رولز پر نظرثانی کریں۔ علاوہ ازیں رحمن ملک سے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر اولے ایمل موزبے نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط مستحکم اور پائیدار بنایا جائےگا۔

ای پیپر-دی نیشن