کرم ایجنسی: افغان شدت پسندوں کا پاکستانی چوکی پر حملہ‘ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
کرم ایجنسی+ پشاور(آن لائن+ آئی این پی ) کرم ایجنسی کے علاقے شورکو میں افغان شدت پسندوں کا پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پاکستان افغانستان سرحد سے ٹوچی سکاﺅٹس کے دو اہلکار اغوا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ گذشتہ صبح جمعہ کو کیا گیا۔ حملہ افغانستان کی حدود سے کیا گیا۔ اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان آدھ گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان ایجنسی کے پاکستان افغان بارڈر بانگی دار کے علاقے سے ٹوچی سکاﺅٹ کے حوالدار عادل حسن اور سپاہی نیاز علی کو اغواءکرلیا گیا۔ اغواءکرنے والے دونوں اہلکاروں کو افغانستان لے گئے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل آفیسر محمد طاہر نے علاقائی ذمہ داری کے تحت علاقہ بانگی دار کے قبائلیوں کو ان کی رہائی کیلئے چوبیس گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیدی ۔ابھی تک کسی تنظیم نے مغوی اہلکاروں کے اغواءکی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ نے پاک افغان بارڈر کے علاقے میں سرچ آپریشن اور سخت چیکنگ شروع کردی ہے۔