قومی ٹی 20 : لاہور لائنز نے سیالکوٹ سٹالینز کو شکست دے کر سیمی فائنل سے باہر کر دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچ میں میزبان لاہور لائنز کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ سٹالینز کو شکست دیکر سیمی فائنل کی دوڑ سے آﺅ ٹ کر دیا۔ دونوں سیمی فائنل آج کھیلے جائیں گے پہلے سیمی فائنل میں لاہور لائنز کا مقابلہ بہاولپور سٹیگز سے اور دوسرے سیمی فائنل میں ملتان ٹائیگرز کا مقابلہ فیصل آباد ولفز سے ہوگا۔ گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے آخری چھ لیگ میچ کھیلے گئے۔ ایل سی سی اے گراونڈ میں ایبٹ آباد اور کوئٹہ بیئرز کی ٹیموں کے درمیان میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ اسی میدان میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ملتان ٹائیگرز کی ٹیم نے اسلام آباد لیپرڈز کو پانچ وکٹوں -سے شکست دی۔ اس میچ میں اسلام آباد کی ٹیم نے 4 وکٹوں پر 135 رنز بنائے۔ بازید خان 41 اور عماد وسیم نے 34 نمایاں رنز بنائے۔ جواب میں ملتان نے 14 اوورز میں ہدف حاصل کر کے میچ پانچ وکٹوں سے جیت کر اپنی اوسط بہتر کر لی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں فیصل آباد ولفز کی ٹیم نے بہاولپور سٹیگز کو 10 رنز سے ہرا دیا۔ اس میچ میں فیصل آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 121 رنز بنائے۔ جواب میں بہاولپور کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 111 رنز تک پہنچ سکی۔ اسی میدان میں میزبان لاہور لائنز اور دفاعی چیمپئن سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ کھیلا گیا جس میں لاہور نے سیالکوٹ کو پانچ وکٹوں سے مات دیکر اسے ٹورنامنٹ سے آﺅ ٹ کر دیا۔ سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ جس میں نوید الحسن نے 63 ، شعیب ملک نے 24 نمایاں رنز بنائے جواب میں لاہور کی ٹیم نے ہدف 19.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ جواب میں لاہور کی ٹیم نے احمد شہزاد اور کپتان حفیظ کی نصف سنچریوں کی بدولت ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ باغ جناح گراونڈ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں راولپنڈی نے پشاور کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ اس میچ میں پشاور نے 7 وکٹوں پر 141 رنز بنائے جواب میں راولپنڈی کی ٹیم نے ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اسی میدان میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں کراچی ڈولفنز نے حیدر آباد ہاکس کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں حیدر آباد نے عظیم گھمن کے 71 اور شرجیل خان کے 54 رنز کی بدولت 4 وکٹوں پر 161 رنز بنائے۔ جواب میں کراچی کی جانب سے خرم منظور اور فواد عالم نے نصف سنچریاں سکور کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔