• news

جاپانی پہلوانوں کا لاہور میں فری سٹائل ریسلنگ کا مظاہرہ

سپورٹس رپورٹر
پنجاب حکومت کے زیر اہتمام یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے بعد سپورٹس بورڈ نے پاکستان میں فری سٹائل ریسلنگ مقابلوں کا اہتمام کیا جس میں جاپان کے پہلوانوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ جس کا تمام سہرا جاپان کے سابق پہلوان محمد حسین (انوکی) کو جاتا ہے جو جاپان میں فری سٹائل کھیلنے والے انٹرنیشنل پہلوانوں کو پاکستان لیکر آئے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والے ان مقابلوں کو انٹرنیشنل سپورٹس اینڈ پیس ریسلنگ چیمپئن شپ کا نام دیا۔ یکم دسمبر کو جاپانی پہلوان اسلام آباد پہنچے۔ جاپانی پہلوانوں پر مشتمل دستے کو صدر پاکستان کے برابر سیکورٹی فراہم کی گئی بعد ازاں پہلوان لاہور پہنچ گئے جہاں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ان کے مقابلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ جاپان کے پہلوان ان مقابلوں کے لیے ریسلنگ رنگ جاپان سے ہی لیکر آئے تھے کیونکہ پاکستان کے پاس انٹرنیشنل ریسلنگ مقابلوں کا ایک بھی رنگ موجود نہیں ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس موقع پر نامور سابق قومی پہلوانوں کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی تھی جبکہ ناصر بھلو پہلوان کی بھی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ جنہوں نے مقابلوں کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب کی معاونت کی۔ وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف ان مقابلوں کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اس موقع پر لاہور میں فری سٹائل ریسلنگ کے فروغ کے لیے اکیڈمی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے جاپانی پہلوان محمد حسین انوکی کو اکیڈمی کا سرپرست اعلٰی مقرر کردیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان نے فن پہلوانی میں خاصا نام کمایا لیکن پھر آہستہ آہستہ یہ فن ختم ہوتا گیا تاہم حکومت نے اب روایتی کشتی کے ساتھ ساتھ فری سٹائل ریسلنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں اکھاڑوں کے ساتھ ساتھ فری سٹائل ریسلنگ کے فروغ کیلئے اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی جس کی سرپرستی محمد حسین انوکی پہلوان کریں گے۔ اس موقع پر محمد حسین انوکی نے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان میں فری سٹائل ریسلنگ کا خاصا ٹیلنٹ موجود ہے جسے اکیڈمی میں نکھارا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کی دوستی کی 60 ویں سالگرہ پر 28 سال بعد پاکستان آنے پر بے حد خوشی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلٰی نے جاپانی پہلوانوں کو سووینئیر پیش کئے۔ بعدازاں جاپانی پہلوانوں کے مابین کشتی کے پانچ مقابلے ہوئے جن میں شوگن اوکاماٹو نے جو اکیرا، کاواگوچی نے جاکوسو، کینڈو کیشن نے نوبویوکی کاراشنگ ، اتوشی ساواڈا نے سینی چی سوزوکاوا جبکہ کازویوکی فوجیتا نے ہیڈیکی سوزوکی کو شکست دی۔ جاپان کے پہلوان لاہور میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے بعد خیبر پی کے کے صوبائی وزیر کھیل عاقل شاہ کی خصوصی دعوت پر پشاور چلے گئے جہاں جاپانی پہلوانوں نے پاچا خان انٹرنیشنل ریسلنگ مقابلوں میں شرکت کی۔ لاہور میں منعقد ہونے والے فری سٹائل مقابلوں سے فن پہلوانی کو کس حد تک فروغ ملا ہے اس کا اندازا تو آنے والے دنوں میں ہوگا تاہم اتنا ضرور ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ایک اعلٰی کام سرانجام دیا ہے جو مستقبل میں آنے والے عہدیداران کے لیے ایک سخت چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن