4 سال میں ریلوے کا خسارہ 40 ارب تک پہنچ گیا، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے میں قومی احتساب بیورو حکام نے اربوں روپے کی خورد برد کی نشاندہی کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ رائل پام گالف کلب ، انجنوں کی خریداری اور سپیئر پارٹس کی مرمت سمیت دیگر اہم ٹھیکوں میں ریلوے اور حکومت کی اعلیٰ شخصیات ملوث ہیں کمیٹی نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ ریلوے میں کرپشن کے مقدمات سے متعلق تحقیقات جلد از جلد مکمل کرکے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے۔ اجلاس چیئرمین ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ چیئرمین ریلوے عارف عظیم نے کمیٹی کو بتایا کہ ریلوے کا سالانہ خسارہ چالیس ارب روپے تک پہنچ گیا ہے 2008ءمیں ریلوے کا ریونیو 30 ارب روپے تھا جبکہ اب پندرہ ارب روپے خسارے میں ہے۔ نئے لوکو موٹو آنے سے ریلوے کے حالات میں بہتری آئے گی۔ کمیٹی نے ریلوے کی جانب سے پرائیویٹ کمپنیوں کو ڈرائی پورٹ کی تعمیر کے لئے دی گئی زمین اور ٹینڈرز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصل آباد ، کوٹ رادھا کشن اور جے بھاگا ، ڈرائی کے معاہدے کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرنے پر لاہور اور کراچی میں ڈیزل چوری کیخلاف تحقیقات نیب کو سپرد کرنے کی ہدایت کر دی۔