جھلکیاں / جلسہ عام کوٹلی ستیاں
فرخ سعید خواجہ ....کوٹلی ستیاں میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا استقبال شاہد خاقان عباسی، راجہ فیاض سرور، راجہ عتیق سرور اور مرد و خواتین کی بہت بڑی تعداد نے کیا۔ ٭ وزیراعلیٰ شہباز شریف معاون خصوصی اعلی تعلیم سید زعیم حسین قادری، جنرل سیکرٹری، مسلم لیگ ن پنجاب اور حنیف عباسی ایم این اے کے ساتھ جلسہ گاہ میں پہنچے تو معاون موجود حاضرین نے دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا، شیر آیا کے نعرے لگائے۔ ٭ خاتون رکن پنجاب اسمبلی ریحانہ حدیث ستی نے شہباز شریف کو جناح کیپ پہنائی جبکہ دیگر زعماءنے انہیں ”کلاہ“ اور چھڑی بطور تحفہ پیش کی۔ ٭ کوٹلی ستیاں میں 22 برس پہلے نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے گئے تھے اور کوٹلی ستیاں کو تحصیل کا درجہ دیا تھا۔ ان کے بعد شہباز شریف دوسرے وزیراعلیٰ ہیں جو کوٹلی ستیاں گئے۔ ٭ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پتریاٹہ سے کوٹلی ستیاں تک چیئر لفٹ لگانے کا اعلان کیا۔ ٭ جلسہ گاہ میں موجود حاضرین تقریروں کے دوران مرکز میں حکمرانوں کے خلاف علی بابا چالیس چور کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ ٭ شہباز شریف نے کہا کہ میرے لیڈر اور بڑے بھائی نے مجھے حکم دیا ہے کہ زرداری صاحب کے خلاف سخت زبان استعمال نہ کروں لہٰذا میں زرداری صاحب سے اپیل کرتا ہوں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں وگرنہ آپ سے نواز شریف ہی نمٹیں گے۔ ٭ جلسہ گاہ میں موجود نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ شہباز شریف نے انہیں نواز شریف کے شاہین کہہ کر مخاطب کیا تو نوجوانوں نے نواز شریف کے حق میں پرجوش نعرے بازی کی۔