فیصل آباد: جلسہ میں وفاقی ملازمین بیروزگار خواتین کو اجرت پر لانے کا انکشاف
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے جلسہ میں لوگوںکا رش ظاہر کرنے کے لئے وفاقی محکموں سے ملازمین خصوصی بسوں کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چھٹی ہونے کے باوجود وفاقی محکموں واپڈا، سوئی گیس اور ریلوے و دیگر وفاقی محکموں کے ملازمین کو خصوصی بسوںکے ذریعے جلسہ گاہ لایا گیا اور ان کی فرضی حاضری بھی لگوائی گئی۔ جلسہ گاہ کو لوگوںکے ہجوم سے بھرنے کے لئے مختلف قومی، صوبائی ارکان اور ضلعی عہدیداران کی طرف سے بیروزگار خواتین کو جلسہ گاہ میں اجرت پر لانے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقوں جھمرہ، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ سمیت دیگر علاقوں سے بے روزگار خواتین اور حضرات کو پیسوںکے عوض جلسہ گاہ لایا گیا۔ ان کے حلقہ وائز شناختی کارڈ چیک کر کے انہیں فی کس دو دو سو روپیہ دیا گیا۔ جلسہ کے اختتام پر لوگوں کو شناختی کارڈ چیک کر کے انہیں پیسے دیئے گئے۔ وزیراعظم کی تقریر کے موقع پر ایک ضلعی عہدیدار خاتون سٹیج پر جگہ نہ ملنے کی وجہ سے جھگڑ پڑی اور سکیورٹی حصارکو توڑتے ہوئے خاتون نے سٹیج پر جانے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے اُسے روک لیا اور لیڈیز کمانڈو کے ذریعے اُسے سٹیج سے دور رکھنے کی کوشش کی لیکن خاتون عہدیدار سٹی جنرل سیکرٹری سائرہ خان سٹیج پر جانے کےلئے بضد رہی۔ اس کا موقف تھا کہ اس سے کم عہدے پر فائز خواتین سٹیج پر بیٹھی ہیں تو اُسے کیوں نہیں جانے دیا جا رہا۔اس موقع پر سٹی صدر رانا مشتاق آئے اور خاتون کو اپنے ساتھ سٹیج پر لے گئے۔