چیف جسٹس ہائیکورٹ نے 13 ایڈیشنل ججوں کو مستقل کر دیا، سول جج نعیم احمد برطرف
لاہور ( وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے سول جج/ جوڈیشل مجسٹریٹ منچن آباد نعیم احمد کو ان کی ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق مذکورہ سول جج کے خلاف یہ کارروائی پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974کے سیکشن10کے تحت کی گئی۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس نے 13 ایڈیشنل سیشن ججوں کی طرف سے آزمائشی مدت پوری کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد ججز کی مستقلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ جن ایڈیشنل سیشن ججوں کو مستقل کیا گیا ان میں محمد اکرم رحیم یار خان، وسیم الرحمان خان خاکوانی لاہور، محمد یار گوندل راولپنڈی، امجد نذیر چودھری راولپنڈی، محمد نوید اقبال راولپنڈی، محمد اصغر خان فیصل آباد، محمد شبیر سانگلہ ہل، سید داور ظفر علی فیصل آباد، نسیم احمد ورک پنڈی بھٹیاں، اسد علی اٹک، طارق محمود باجوہ ملتان، طارق جاوید فیروزوالہ اور ناصر حسین بہاولپور شامل ہیں۔